حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی تصویر دیکھ کر

 

ارشاد عرشی ملک

 

ہم ہیں مریضِ عشق ،دوا ہے تمہارے پاس

میرے مسیح،دستِ شفا ہے تمہارے پاس

 

اِک گھونٹ جو بھی چاہ سے چکھ لے وہ جی اُٹھے

آبِ حیات،آبِ بقا ہے تمہارے پاس

 

دیکھی ہیں ہم نے آپ کی آنکھیں ،جُھکی جُھکی

اِک دل نشین طرزِ  حیاء ہے تمہارے پاس

 

ایسا ہوا اسیر کہ واپس نہ جا سکا

دو چار دن جو آ کے رہا ہے تمہارے پاس

 

آئے تھے جو شکار کو خود ہو گئے شکار

صیدوں کا اِک ہجوم لگا ہے تمہارے پاس

 

تیغِ دُعا کی کاٹ کی اُن کو خبر نہیں

شوخی سے غیر کہتے ہیں،کیا ہے تمہارے پاس

 

شرفِ قبول پا گیا عالی جناب میں

عرشی جو ایک حرفِ دُعا ہے تمہارے پاس

Rate: 0